• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز منصب سنبھالنے کے فوراً بعد سے صوبے کی ہمہ جہت ترقی کی خاطر جس طرح انتھک جدوجہد کررہی ہیں، کسی انصاف دوست شخص کیلئے اس سے انکار ممکن نہیں۔ صوبائی اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے جن منصوبوں کو اپنی ترجیحات میں شامل بتایا تھا، ان سب کی تکمیل کا سلسلہ ان کی کوششوں کے نتیجے میں جاری ہے۔ان منصوبوںمیں ہنگامی حالات میں کسی بھی متاثرہ شہری کی فوری طبی امدادکیلئے ایئر ایمبولینس سروس بھی شامل تھی جسے انہوں نے گزشتہ روز عملی کارروائی کی شکل میں پورا کردکھایا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حادثے میں شدید زخمی ہونیوالی ایک خاتون کی جان ایئر ایمبولینس کے ذریعے سے بچائی گئی۔ اس واقعے کی تفصیل یہ ہے کہ چھت سے گرنے کی وجہ سے میانوالی کی چالیس سالہ حلیمہ بی بی کی حالت نہایت تشویشناک تھی۔اسکی جان بچانے کیلئے مطلوبہ سہولتوں سے لیس کسی بڑے اسپتال میں اسے فوری طورپر منتقل کرنا ضروری تھا۔ ڈی ایچ کیو اسپتال میانوالی کے سرجن کا کہنا تھا کہ حلیمہ بی بی کو علاج کیلئے جلد از جلدراولپنڈی منتقل کرنے کیا جانا ضروری ہے ورنہ اس کی جان کا بچنا مشکل ہو گا۔ اس معاملے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے حلیمہ بی بی کیلئے ایئر ایمبولینس فراہم کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد ایمبولینس کی آزمائشی سروس کے ذریعے اسے راولپنڈی کے اسپتال منتقل کردیاگیا جہاں کامیاب آپریشن کے بعد وہ خطرے سے نکل آئی اور اللہ کے فضل سے اس کی جان بچ گئی۔حلیمہ بی بی کے اہل خانہ کی دعاؤں اور اظہار تشکر پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے بامعنی پیغام میں قرآن میں درج اس فرمان الٰہی پر عمل کی توفیق ملنے پر اللہ کا شکر ادا کیا کہ ’’جس نے ایک انسان کی جان بچائی، اس نے پوری انسانیت کو بچالیا‘‘ ۔ شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کی خاطر حکومت پنجاب اور اس کی سربراہ کی کاوشیں یقیناً مستحسن اور دوسری صوبوں کیلئے قابل تقلید مثال ہیں۔

تازہ ترین