• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وطن عزیز میں عشروں سے بارشوں کے موسم میںپیدا شدہ جومسائل بڑھتے بڑھتے پریشان کن صورت اختیار کرتے محسوس ہورہے ہیں ان کی روک تھام کے اقدامات سنجیدہ توجہ کے متقاضی ہیں۔ پیر کے روز ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کراچی کو شہری سیلاب(اربن فلڈنگ) کے امکانات سے بچانے کیلئے غوروخوض کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایڈجوٹنٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، سینئر سرکاری افسران، واٹرمینجمنٹ کے مقامی وبین الاقوامی ماہرین شریک تھے۔ صدر مملکت نے کراچی میں شہری سیلاب(اربن فلڈنگ) کی روک تھام کیلئے جامع منصوبہ ترجیحی بنیادوں پرتیار کرنے کی ہدایت کی۔ ماہرین نے واشنگٹن، لندن اور سنگاپور کے زیر زمین سرنگوں کے نظام پرروشنی ڈالی۔ بتایا گیا کہ شہر قائد کے ہائی فلڈزونز میں موجودہ سڑکوں کے نیچے چھوٹی اور بڑی سیوریج سرنگوں کا جال بچھایا جاسکتا ہے۔بتایا گیا کہ جدید تکنیک سےبنائی گئی زیر زمین سرنگیں لوگوں کی سرگرمیوں ، شہری ٹریفک اور زمینوں کی ملکیت کو متاثر نہیں کریں گی۔زیر زمین پانی کے قابل استعمال اور سیوریج واٹر سمندر میں جانےسے پہلے ٹریٹمنٹ کے منصوبوں پربھی گفتگو کی گئی، جبکہ ساحلی علاقوں کو صاف ستھرا اور کراچی کو دنیا کے دوسرے میٹروپولٹین شہروں کی سطح پر لانے کے اقدامات زیرغور آئے۔ یہ ایک اچھی پیش رفت ہے۔تاہم ہنگامی اقدامات کے طورپر گٹروں پر ڈھکن لگانے اور بند مین ہولزکھولنے پر توجہ دی جانی چاہئے۔ نالوں کے اندر اور اوپر قائم کی گئی تجاوزات کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ اس نوع کے مسائل دوسرے شہروں میں بھی ہوسکتے ہیں جن پر توجہ دینےکی ضرورت ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین