• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نئے بورڈز تشکیل دے دیے گئے

وفاقی حکومت نے 11 میں سے 6 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نئے بورڈز تشکیل دے دیے۔

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کپمنی (فیسکو)، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)، پشاور الیکٹرک سپلائی کپمنی (پیسکو) اور حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کےلیے خود مختار ڈائریکٹر مقرر کیے گئے ہیں۔

پاور ڈویژن نے وفاقی کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیے۔ 11 میں سے 6 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نئے بورڈز تشکیل دیے گئے، نئے ڈسکوز بورڈز کی تشکیل 3 سال کےلیے ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  عمر فاروق خان فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی بورڈ کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں، ڈاکٹر طاہر مسعود اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی بورڈ کے چیئرمین ہوں گے، عامر ضیاء لاہور اور ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے بورڈز کے چیئرمین تعینات کیے گئے ہیں۔

حمایت اللّٰہ خان پشاور اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے بورڈز کے چیئرمین ہوں گے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کمپنیوں میں ڈائریکٹرز کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہونے پر نئے بورڈز تشکیل دیے گئے، وزیر پاور کی سربراہی میں بورڈ نامزدگی کمیٹی نے بورڈز تحلیل کرنےکی سفارش کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے 24 جون کو 9 ڈسکوز کے نئے بورڈز تشکیل دینے کی منظوری دی تھی، وزیراعظم نے حیدر آباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے بورڈز کی تشکیل نو کا معاملہ روک دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید