• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’عمرانی‘ دور میں ملک کیساتھ ہوئے کھلواڑ کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، رانا ثناء

فوٹو: جنگ
فوٹو: جنگ

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللّٰہ خان نے کہا کہ ’عمرانی‘ دور میں ملک کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا اس کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔

پیرس میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018 کے ایوان کے پہلے اجلاس میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے خیر سگالی کے جذبات کا منفی جواب دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ میں سب کو جیلوں میں بند کروں گا۔

رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ جیلوں میں بند کرنے کے بعد جب عمران خان نے  اسٹیبلشمنٹ سے کہا کہ ان سب کو پھانسی دو تو اس پر تنازع شروع ہوا اور ان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی اور ان کے اقتدار کا خاتمہ ہوا۔

رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ جس طرح ملک میاں نواز شریف کی قیادت میں ترقی کی طرف جارہا تھا اس کو اس وقت کی عدلیہ کے فیصلوں سے روکا گیا اور عوامی رائے کے برعکس ایک ایجنٹ کو اقتدار میں لایا گیا جس نے قومی ادارے کے سربراہ کی تعیناتی میں رکاوٹ ڈالتے ہوئے انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں لوگوں کا سمندر اکٹھا کرنے کا کیا مقصد تھا؟ وہ قومی ادارے کے سربراہ کی تعیناتی متنازع بنا کر اس ادارے کو تباہ کرنا چاہتا تھا۔ ٹانگ میں گولی لگنا ایک ڈرامہ تھا۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ نے اوورسیز پاکستانیوں اور خصوصی طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں و کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل دہشتگردی کو روکنے کےلیے سرگرم عمل ہوجائیں کیونکہ پی ٹی آئی ملک سے حمایت کھو جانے کے بعد اپنے بیرون ممالک لوگوں کے ذریعے ڈیجیٹل دہشتگردی پھیلا کر اپنے ملک دشمن ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کےلیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ سیاست کے میدان میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ مقابلہ کریں نہ کہ قومی اداروں بالخصوصی عسکری قوت کو نشانہ بنائیں۔

رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ اُن کو پاکستانی قوم کے جذبات کا اندازہ نہیں کہ وہ پاکستانی سبز ہلالی پرچم اور اپنی مسلح افواج سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ 

انہوں نے فرینکفرٹ حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی تحقیقات میں حقائق سامنے آجائیں گے کہ اس واقعہ کا اصل ذمہ دار کون ہے، اگر انہوں نے بیرون ممالک غلط راستے پر چلنا ہے تو ہم کو جواب دینا آتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم اوورسیز سطح پر اپنے محب وطن لوگوں کو آگے لائیں گے اور ان کے ملک دشمن عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

اس موقع پر اوورسیز کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک، سابق رکن پنجاب اسمبلی رانا لیاقت علی، یورپ کے کوآرڈینیٹر، ن لیگ فرانس کے طلعت محمود چوہان، صدر میاں محمد حنیف، چیئرمین راجہ علی اصغر، نائب صدر شیخ وسیم اکرم، شمروز الہٰی گھمن، شیخ طارق جاوید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

جلسہ کا اہتمام جنرل سیکریٹری رانا محمود، راجہ اشفاق احمد نے کیا اور شاندار طریقے سے اسے آرگنائز کیا۔

قومی خبریں سے مزید