• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی

وفاقی کابینہ : فوٹو : پی آئی ڈی
وفاقی کابینہ : فوٹو : پی آئی ڈی

وفاقی کابینہ نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلا ف مذمتی قرارداد منظور کرلی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے 39 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل کو عالمی قانون اور انسانی حقوق کا پابند کرکے خون ریزی سے روکا جائے۔

کابینہ کی قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیلی بموں، گولیوں اور قتل عام کی مہم سے کوئی محفوظ نہیں، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے، یو این قراردادوں کے باوجود اسرائیل کا ظلم جاری ہے، اسرائیل کو عالمی قانون اور انسانی حقوق کا پابند کرکے خون ریزی سے روکا جائے۔

 قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی میں مدد جاری رکھے گی، فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی کے لیے پہلے سے بڑھ کر کوششیں کی جائیں گی، فلسطینی ریاست کے قیام پر مبنی دو ریاستی حل کےلیے ازسر نو اور نتیجہ خیز کوششیں کی جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

وزیراعظم اور کابینہ نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصلیٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانے پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید