• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف آئی اے نے اپنے افسران پر پاور ڈویژن کے الزامات مسترد کردیے

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے اپنے افسران پر پاور ڈویژن کے الزامات مسترد کردیے، سیکریٹری پاور ڈویژن کو لکھے گئے خط میں الزامات مسترد کیے گئے ہیں۔

پاور ڈویژن نے ڈسکوز میں تعینات ایف آئی اے افسران پر الزامات عائد کیے تھے، پاور ڈویژن نے بعض ڈسکوز میں ایف آئی اے افسران کی تعیناتی سے صورتحال خراب ہونے کا ذکر کیا تھا۔

ایف آئی اے کے خط میں کہا گیا ہے کہ جن افسران کےخلاف شکایت ہے نام بتائے جائیں، کارروائی کریں گے، ایف آئی اے بجلی چوری کی روک تھام اور ڈسکوز کی اووربلنگ روکنے میں مدد کر رہا ہے، ڈسکوز میں کرپٹ عناصر کے خلاف مہم میں 429 اہلکاروں کےخلاف تحقیقات کی گئیں۔

خط میں کہا گیا کہ ایف آئی اے نے بجلی چوری اور کرپشن کے خلاف مہم میں 185 مقدمات درج کیے، ایف آئی اے نے کرپشن میں ملوث ڈسکوز کے 79 اہلکاروں کو گرفتار کیا، ڈسکوز میں تعینات ایف آئی اے افسران نے بجلی چوری میں ملوث افراد سے 67 کروڑ ریکوری کی، اس شکایت سے سوال اٹھتا ہے کیا اس کا مقصد ایف ائی اے کی کوششوں کو روکنا ہے۔

ایف آئی اے کے خط میں یہ بھی کہا گیا کہ سیکریٹری پاور ڈویژن ایف آئی اے افسران پر لگائے گئے سنگین الزامات کا جائزہ لے۔

قومی خبریں سے مزید