• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ کے نام پیغام اچھی بات ہے، مراد علی شاہ

پہلے ان کے ذہنوں میں کچھ اور تھا، اب یہ اپنی لائن بدل رہے ہیں، مراد علی شاہ - فوٹو: فائل
پہلے ان کے ذہنوں میں کچھ اور تھا، اب یہ اپنی لائن بدل رہے ہیں، مراد علی شاہ - فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے، اُسے فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ چاہتی کیا ہے۔ پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ کے نام پیغام اچھی بات ہے۔

سجاول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جو پہلے نیوٹرل سے متعلق کہتے تھے اب وہ بدل رہے ہیں۔ پہلے ان کے ذہنوں میں کچھ اور تھا، اب یہ اپنی لائن بدل رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ جو انہوں نے کیا، اب اس کا احساس کریں اور آگے چلنے کی بات کریں۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات نہیں کرنی، پھر ان سے ہی بات کرنے کا کہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کو اپنی لائن کلیئر کرنی پڑے گی۔

ملک میں توانائی بحران سے متعلق بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے مسئلے کو حکومت سنجیدہ لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سولر منصوبہ شروع کیا ہے۔ جن اضلاع میں بجلی نہیں، ان میں سولر سسٹم لگانے کو ترجیح دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بجلی کا بحران ایک حقیقی بحران ہے، بجٹ میں بجلی اور پینے کے صاف پانی پر فوکس کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف کہتے ہیں ہمارے پاس سرپلس بجلی ہے، دوسری طرف کیپسٹی چارجز دینا پڑ رہے ہیں۔ اس کے باوجود 12 سے 16 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صنعتیں لگائیں، بجلی بھی استعمال ہوگی اور روزگار بھی ملے گا۔ بجلی کے بلوں تلے لوگ مر رہے ہیں، ریلیف دینا عارضی حل ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ساحلی گاؤں راج ملک پہنچے جہاں انہوں نے سابق صوبائی وزیر غلام قادر ملکانی کے لواحقین سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار و فاتحہ خوانی کی۔

قومی خبریں سے مزید