سابق امریکی صدر براک اوباما اور ان کی اہلیہ مشل اوباما کی جانب سے کملا ہیرس کی حمایت کے اعلان کے بعد ایلون مسک نے کملا ہیرس کی ایک اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ پیروڈی ویڈیو شیئر کردی۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر کملا ہیرس کی پیروڈی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ہنسنے والی ایموجی کا استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ حیرت انگیز ہے‘۔
اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ اس پیروڈی ویڈیو میں کملا ہیرس کو متنازع بیانات دیتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
پیروڈی ویڈیو کا آغاز کچھ یوں ہوتا ہے کہ ’میں کملا ہیرس صدارتی عہدے کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی نو منتخب امیدوار ہوں اور اس کے لیے جو بائیڈن کا شکریہ کیونکہ ان کے عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے ہی مجھے یہ موقع ملا‘۔
اس ویڈیو میں مزید کہا گیا ہے کہ’مجھے اس لیے منتخب کیا گیا ہے کیونکہ میں ایک سیاہ فام خاتون ہوں تو اگر آپ مجھ پر تنقید کریں گے تو آپ جنس پرست اور نسل پرست دونوں ہیں‘۔
کملا ہیرس کی مصنوعی ذہانت سے تخلیق کی گئی آواز میں ویڈیو میں یہ بھی سنا جا سکتا ہے کہ میں شاید ملک چلانا نہیں جانتی ہوں لیکن یاد رکھیں اگر آپ ریاستی کٹھ پتلی ہیں تو یہ اچھی بات ہے اور میں نے تو پچھلے چار سال ایک ایسے ہی شاندار سرپرست کی سرپرستی میں کام کیا ہے۔
پیروڈی ویڈیو میں مزید کہا گیا ہے کہ جو بائیڈن نے مجھے اپنی مکمل نااہلی چھپانا سکھایا۔
اس ویڈیو کے آخر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ میں اپنی تقریروں میں ہمیشہ براک اوباما جیسا تاثر دینے کی بہترین کوشش کرتی ہوں اور میں شاید امریکا کو سرحد پر در پیش بحران کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے میں ناکام ہوں لیکن بین الاقوامی سیاست کے بارے میں میرا علم واقعی چونکا دینے والا ہے جیسا کہ میں جانتی ہوں کہ شمالی کوریا امریکا کا ایک اہم اتحادی ہے۔