وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت آئی پی پیز کے پورٹ فولیو کا جائزہ لے رہی ہے، عوام کو جلد اچھی خبریں ملیں گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ صارفین پر بوجھ کم کرنے کیلئے جلد فیصلے کیے جائیں گے، ہمارا ارادہ ہے کہ ہم بجلی کی قیمت کو نیچے لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات تھے، ہم نے ان کو پاور سیکٹر پر بریفنگ دی، ہماری کوشش ہے کہ عوام کو جلد سستی بجلی دیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ 2018 کے بعد روپے کی قدر گرنا، شرح سود میں اضافہ کیپیسٹی پیمنٹس کی وجہ سے ہے، چین اور پاکستان نے کوئلے کے پلانٹس کو مقامی کوئلے میں تبدیلی پر اتفاق کیا، چین نے ڈیٹ پروفائلنگ کے مسئلے کو سنجیدہ لیا ہے۔
وزیر توانائی نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاملے پر ہم لوگ سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں، پاور سیکٹر میں ریفارمز کر رہے ہیں، آئی پی پیز یا نو آئی پی پیز، دھرنے اور پریس کانفرنس کی بجائے سنجیدہ کام کرنا ہے، قانونی پیچیدگیوں کے باعث تفصیل میں نہیں جانا چاہتا، تمام امور کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ گوہر اعجاز اپنی سپریم کورٹ بھی بنا لیں تو ان کی کسی کو سجھ نہیں آنی، کل سابق وزیراعظم نے کہا کیپیسٹی ریٹ کا مسئلہ گوہر اعجاز نہیں سمجھا سکتا۔