• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈومیسٹک سیزن25- 2024 پی سی بی کا تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس شروع کرنے کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن2024-25 میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ان ٹورنامنٹس کے انعقاد کا مقصد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان فرق کو کم کرنا، ایک سخت زیادہ مسابقتی اور ہائی پریشر کرکٹ کھیلنے کا ماحول فراہم کرنا اور اپنے مستقبل کے اسٹارز کے لیے بہتر آمدنی کے مواقع پیدا کرنا ہے۔اس بات کا اعلان پی سی بی چیئرمین محسن نقوی اور وقار یونس نے پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس میں کیا۔مینز ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2024-25میں یہ تین نئے ٹورنامنٹس چیمپئنز ون ڈے کپ، چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ اور چیمپئنز فرسٹ کلاس کپ پہلے سے موجود ٹورنامنٹس کے ساتھ شامل ہونگے جن میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ، قائداعظم ٹرافی (ریجنل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ)، پریذیڈنٹ ٹرافی (ڈپارٹمنٹل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ) ، پریذیڈنٹ کپ ( ڈپارٹمنٹل 50 اوورز ایونٹ)، اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ شامل ہیں۔ یہ سیزن یکم ستمبر 2024 سے 5 اگست 2025 تک جاری رہے گا۔تین چیمپئنز ٹورنامنٹس کے اضافے کے بعد پی سی بی اب مردوں کے آٹھ سینئر ٹورنامنٹس میں کل 261 میچز کا انعقاد کرے گا۔ ان تین ایونٹس میں 131 فرسٹ کلاس میچز، دو ایونٹس میں 40 پچاس اوورز کے میچز اور تین ایونٹس میں 97 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔ 2023-24سیزن میں، پی سی بی نے مردوں کے چھ سینئر ٹورنامنٹس میں 203 میچز کا انعقاد کیا تھا جس میں دو ٹورنامنٹس میں 51 فرسٹ کلاس میچز، دو ایونٹس میں 55 پچاس اوورز کے میچز اور 97 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل تھے۔نئے متعارف کرائے گئے چیمپئنز ٹورنامنٹ کی نمایاں خصوصیات میں چیمپئنز کپ کے ہر ایونٹ میں پانچ سائیڈز مقابلہ کریں گی جن کے نام ڈولفنز۔ لائنز۔ پینتھر ۔اسٹالیئنز اور وولز ہیں۔ چیمپئنز کپ کا ہر ایونٹ ڈبل لیگ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔گزشتہ تین برسوں سے سب سے بہترین کارکردگی دکھانے والے تقریباً 150 ڈومیسٹک کھلاڑی اور موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔ (مزید تفصیلات وقت پر شیئر کی جائیں گی)۔ ہر ٹیم میں ایک سابق پاکستانی سپر اسٹار بطور مینٹور اور ممکنہ طور پر ایک مالک کے طور پر ہوگا۔ ہر ٹیم کے پلیئر سپورٹ اسٹاف میں ہیڈ کوچ بیٹنگ / بولنگ / فیلڈنگ کوچز، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، فزیو تھراپسٹ، انالسٹ، آپریشنز مینیجر، اور میڈیا ، ڈیجیٹل میڈیا منیجر شامل ہونگے۔