یروشلم (اے ایف پی) اسرائیل کے انتہاپسند وزیر خزانہ بزلئیل سموٹریچ نے فلسطینی اتھارٹی کے لیے قائم 10 کروڑ شیکل (26 ملین ڈالر) کے ٹیکس فنڈز کو ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے دہشت گردی کا نشانہ بننے والے اسرائیلیوں کوادائیگی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ایک بیان میں وزارت خزانہ نے کہا کہ فنڈز کی ضبطی دہشت گردی سے نمٹنے کے اقدامات کا حصہ ہے۔بیان میں بزلیئل سموٹریچ کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا گیاہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے کچھ حصوں پر حکمراں فلسطینی اتھارٹی اسرائیل کے، فنڈز کو دہشت گردوں کے خاندانوں کو دے سکتی ہے۔