بیجنگ( نیوز ڈیسک)چین نے ایران کا نام لیے بغیر خلیجی ملکوں پر حملوں کی مخالفت کر دی۔چین نے شہریوں پر ہونے والے ’’اندھا دھند‘‘ حملوں کی مذمت کی اور خلیجی خطے کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں پر عدم اتفاق کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کرنا بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے۔بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گوو جیاکون نے کہا کہ بیجنگ خلیجی خطے کے ممالک پر حملوں سے متفق نہیں اور شہریوں یا غیر فوجی اہداف پر کیے جانے والے اندھا دھند حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ترجمان نے ایران کا نام لیے بغیر شہری آبادی اور انفرااسٹرکچر کو خطرے میں ڈالنے والے حملوں پر تنقید کی۔ گوو نے کہا اس وقت سب سے فوری ترجیح یہ ہے کہ فوجی کارروائیاں فوراً بند کی جائیں اور تنازع کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔ اس تنازع کا حل یہی ہے کہ جتنا جلد ممکن ہو مذاکرات اور بات چیت کی طرف واپس آیا جائے اور امن کی بحالی کیلئے کوشش کی جائے۔