بنگلادیش میں عوامی لیگ کے حامیوں کی ریلی کے دوران تصادم میں 5 فوجی سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے جبکہ مشتعل افراد نے آرمی کی گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گوپال گنج میں بس اسٹینڈ کے قریب اس وقت پیش آیا جب عوامی لیگ کے کارکنوں کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عوامی لیگ اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں حسینہ واجد کو دوبارہ ملک میں لانے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔
بنگلادیشی اخبار کے مطابق عوامی لیگ کے لوگوں نے ڈھاکا سے کھلیانہ جانیوالی ہائی وے کو بھی بلاک کر دیا تھا جس کی وجہ سے ٹریفک شدید جام ہوگیا تھا۔
اس پر فوجیوں نے انہیں روکتے ہوئے روڈ کلیئر کروانے کی کوشش کی تو اس دوران ہجوم کی جانب سے ان پر پتھراؤ شروع کردیا گیا۔
بعدازاں فوجیوں کی جانب سے ہجوم کو منتشر کرنے کےلیے لاٹھی چارج کیا گیا، جس پر مظاہرین نے فوجیوں کی گاڑی کو نذر آتش کردیا۔
گوپال گنج کیمپ کے لیفٹیننٹ مقصودالرحمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 3 سے 4 ہزار کے قریب لوگوں نے سڑک بلاک کی ہوئی تھی۔
حملے میں 5 فوجی اہلکار اور دو مظاہرین زخمی ہوئے، زخمی ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔