بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ جنرل فیض کو ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بناکر اور کوئی بیان دلوا کر مجھے ملٹری کورٹ کی طرف لے جایا جائے گا۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جنرل باجوہ نے ان کی کمر میں چھرا گھونپا اور نواز شریف سے ڈیل کرکے جنرل فیض کو عہدے سے ہٹا دیا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کے خلاف سارے کیسز فارغ ہو چکے ہیں، اس لیے وہ اب انہیں ملٹری کورٹس کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ جنرل فیض سے کوئی نہ کوئی ایسا بیان دلوائیں گے کہ 9 مئی سازش تھی، جو سازش کرتا ہے وہ جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ نہیں کرتا۔ رجیم چینج میرے خلاف ہوا اور مجھے ہی جیل میں ڈال دیا گیا، انہیں شرم نہیں آتی یہ کہتے ہوئے کہ جنرل فیض بشریٰ بی بی کو ہدایات دیتے تھے۔