پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ایونٹس کے لیے مینٹورز کی تلاش شروع کر رکھی ہے اور اس کے لیے ویب سائٹ پر اشتہار بھی جاری کیا ہے۔
اسی حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز ایونٹ کے مینٹورز کے لیے غیر ملکی کرکٹرز اور کوچز کی بھی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیمپئنز ایونٹ کے مینٹورز کے لیے جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے بھی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
ذرئع نے بتایا ہے کہ زمبابوے کے سابق کپتان ٹاٹینڈا تائبو نے بھی مینٹور کے لیے درخواست جمع کرائی ہے جبکہ پاکستان سے 28 کھلاڑیوں اور کوچز نے درخواستیں جمع کرائیں ہیں ان میں وقار یونس بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ مینٹورز کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 اگست تھی۔
پی سی بی نے چیمپئنز ٹورنامنٹس کو پہلی مرتبہ ڈومیسٹک سیزن میں شامل کیا ہے اور چیمپئنز ٹورنامنٹس تینوں فارمیٹ میں ہوں گے۔
اس حوالے سے چیئرمین بی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ان ٹورنامنٹس کا مقصد ہماری کرکٹ کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق لانا ہے کیونکہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کا بہت گیپ ہے لہٰذا ڈومیسٹک چیمپئنز کپ ہر سال ہو گا۔