• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ میں مشترکہ طور پر آگے بڑھنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے درمیان پارلیمنٹ میں قانون سازی پر مشترکہ طور پر آگے بڑھنے کا فیصلہ ہوگیا۔

اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی قیادت کی میں وفد نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔

پی ٹی آئی کے وفد میں بیرسٹر گوہر، رؤف حسن، اخونزادہ حسین یوسفزئی، اسد قیصر اور سینیٹر شبلی فراز شامل تھے۔

پی ٹی آئی اور جے یو آئی قیادت کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی اور پارلیمنٹ میں قانون سازی پر مشترکہ طور پر آگے بڑھنے کا فیصلہ ہوا۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملاقات الحمد للّٰہ بہتر رہی ہے، پارلیمنٹ کے معاملات میں مشاورت ہوئی اور وہ راضی بھی ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری پہلی ملاقات نہیں، پہلے بھی ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ ہم نے اس ملاقات سے پہلے محمود خان اچکزئی کواعتماد میں لیا، اُن کی مشاورت شامل تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی بھی چاہتے ہیں کہ ملک میں معاملات آگے بڑھیں، اپوزیشن اتحاد بہت ضروری ہے۔

جے یو آئی ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ آج وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی ہے، پارلیمان میں روزانہ کے معاملات پر اکھٹے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں شبلی فراز اور کامران مرتضی معاملات کو اکھٹے آگے بڑھائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید