وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس پشاور میں ہوا۔ صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے مطابق کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
بیرسٹر سیف کے مطابق اجلاس میں صوبے بھر میں بلا امتیاز لائف انشورنس اسکیم کی منظوری دی گئی ہے۔ کوہستان میں مالی بےضابطگیوں کے کیس میں نیب کارروائی کو خوش آئند قرار دیا گیا، ملوث عناصر کے خلاف کارروائی صوبائی حکومت خود بھی کرے گی۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ تحقیقات کےلیے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔ کمیٹی کی سربراہی خود وزیراعلیٰ کریں گے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق صحت کارڈ کے تحت علاج کے دوران وفات پر انشورنس کوریج دی جائے گی، صحت کارڈ پروگرام میں ایک سال کی توسیع کی بھی منظور دی گئی۔
انھوں بتایا کہ کابینہ نے کے پی ڈیجیٹل پیمنٹ، فِن ٹیک اسٹریٹجی 2030 کی منظوری دی گئی۔ کرم میں 979 بنکرز کی نشاندہی کی گئی جو تمام گرادیے گئے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا 627 بنکرز اپر کرم اور 352 لوئر کرم میں تباہ کیے گئے، بھاری ہتھیار، راکٹ لانچر، مشین گنز، مارٹرز اور 151 ہتھیار برآمد کیے گئے۔