• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے بھرپور جواب نے طاقت کا توازن تبدیل کردیا، وزیراعظم

کامرہ(نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے شاہینوں نے چند گھنٹوں میں دشمن کا غرور اور گھمنڈ پاش پاش کر دیا، پاکستان کے بھرپور جواب نے طاقت کا توازن تبدیل کر دیا‘ بھارت کا جنگی جنون کا بخار اتر چکا، اب امن کی بات کریں ہم تیار ہیں اس امن کیلئے لازمی شرائط تمہیں اچھی طرح معلوم ہیں۔دشمن کو یہ پیغام دے دیا کہ اب دوبارہ کبھی میلی آنکھ سے ہماری طرف دیکھا تو اس کو پاؤں تلے روند دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کامرہ ایئر بیس کے دورے کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر محمد اسحاق ڈار‘خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ6 مئی سے 10 مئی کے دوران پوری دنیا کو آپ نے اپنی اعلیٰ ترین مہارت سے ورطہ حیرت میں ڈال دیا، دشمنوں کے چاروں طبق روشن کر دیئے‘پاکستان کی تاریخ میں ایسی شاندار فتح پہلے کبھی نصیب نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر‘ظہیر بابر سدھو، ایڈمرل نوید اشرف، پوری حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اہم خبریں سے مزید