پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم جمیل الزمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا جنم پنجاب میں ہوا لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی ہے ہی نہیں، چیئرمین بلاول بھٹو لاہور سے ہار گئے۔
حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مخدوم جمیل الزمان نے کہا کہ پنجاب کی لیڈر شپ کو سوچنا چاہیے کہ پارٹی نیچے کیوں آرہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بھٹو صاحب نے شہادت تک لیڈر شپ کو یکجا رکھا، محترمہ نے نازک دور میں پیپلز پارٹی کو سنبھالا جبکہ 2008ء میں پارٹی کا سارا انتظام زرداری صاحب کے پاس آیا۔
انہوں نے کہا کہ 2008ء سے 2013ء تک پیپلزپارٹی اپنے عروج پر پہنچی، وزیرِ اعظم، صدر، حکومت سب پی پی کے پاس تھی اس کا کریڈٹ زرداری صاحب کے پاس تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ 2013ء کے بعد سے پیپلز پارٹی نیچے جا رہی ہے، 2013ء میں پنجاب سے صرف 3 سیٹیں ملیں، 2018ء میں صرف 7 اور 2024ء میں بھی صرف 7 سیٹیں ملیں یہ سوچنے کا مقام ہے۔
مخدوم جمیل الزمان نے کہا کہ شہید محترمہ لطیف کھوسہ کے گھر ٹھہرتی تھیں، بابر اعوان بھی بی بی کے پرستار تھے لیکن اب ایسا لگتا ہے پنجاب میں پیپلز پارٹی ہے ہی نہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں اسمبلی میں سننا پڑتا ہے کہ ہم فارم 47 کی پیدوار ہیں، چیئرمین بلاول لاہور سے ہار آگئے۔