• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کی بااثر شخصیات کی جرائم کرتے اے آئی ویڈیو وائرل


دنیا کے بااثر و معروف شخصیات کو جرائم کرتے کیمرے کی انکھ نے پکڑ لیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔

گوکہ ویڈیو دیکھتے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ مذکورہ ویڈیو کو مصنوعی ذہانت سے تخلیق کیا گیا ہے تاہم اس نے صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

وائرل ویڈیو میں طاقتور عالمی رہنماؤں کو مختلف جرائم مرکتب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اے آئی سے بنائی گئی اس ویڈیو میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق امریکی خاتون اوّل ہلیری کلنٹن کو اسلحے کے زور پر گھروں میں ڈاکا ڈالتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ویڈیو میں کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور دیگر علاج معالجے میں خاص مہارت رکھنے کے لیے مشہور امریکی ڈاکٹر اینتھونی فوکی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جو گھر گھر جا کر زبردستی ویکسین لگا رہے ہیں اور ساتھ ہی ایک خفیہ لیب میں جانوروں پر تجربے بھی کر رہے ہیں۔

یہاں یہ واضح رہے کہ امریکی ڈاکٹر اینتھونی فوکی کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شہرت رکھتے تو ہیں تاہم رواں سال کے آغاز میں انہوں نے کانگریس کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 6 فٹ کے سماجی فاصلے کے اصول اور دیگر اقدامات کسی سائنسی بنیادوں کے بغیر دیے تھے۔

وائرل ویڈیو میں سابق امریکی صدر جو بائیڈن کو اسلحےکی زور پر آئسکریم چوری کر کے کھاتے ہوئے بھی دیکھ سکتے ہیں جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن مکسڈ مارشل آرٹسٹ کے روپ میں دکھائی دیے۔

علاوہ ازیں میٹا کے سی ای او مارک زاکربرگ، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن، پوپ فرانسس، چینی صدر شی جن پنگ اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک بھی اس وائرل ویڈیو کا حصہ ہیں۔

وائرل ویڈیو کے اختتام پر تمام بااثر، طاقتور عالمی شخصیات کو پولیس کی حراست میں دکھایا گیا ہے۔