بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ اور 2018 کے رئیلٹی شو بگ باس 12 کی ونر فائزہ ابراہیم المعروف دیپیکا ککڑ اس وقت آبدیدہ ہوگئیں جب ان کے شوہر شعیب ابراہیم نے آئندہ ہونے والے ان کے خون ٹیسٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو ہونا ہے وہ ہوگا۔
واضح رہے کہ دیپیکا کے شوہر ٹیلیویژن اداکار شعیب ابراہیم نے گزشتہ ماہ انکشاف کیا تھا کہ دیپیکا کے معدے میں ایک سِسٹ (گلٹی) بن گئی ہے۔ جس کے بعد حال ہی میں انہیں ایک اور سرجری کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
دیپیکا نے اپنے جگر کے کینسر کے علاج کے چند ماہ بعد اپنے صحت کے متعلق درپیش مشکلات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
وہ اور ان کے شوہر شعیب ابراہیم اپنی روزمرہ زندگی اور دیگر معاملات کی جھلکیاں اپنے یوٹیوب چینلز پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔
شعیب کے چینل پر شیئر کی گئی ایک نئی ویڈیو میں دیپیکا اس وقت جذباتی ہو گئیں جب شعیب نے آنے والے ہفتوں میں انہیں دوبارہ خون کے ٹیسٹ کروانے سے متعلق بات کی۔
نئے ولاگ میں شعیب نے بتایا کہ دیپیکا کے چند دن کچھ کمزوری میں گزرے کیونکہ انہوں نے نئی ڈائٹ اور روٹین شروع کی ہے، وہ صبح 7 بجے اٹھ کر واک کے لیے جاتی ہیں اور شام 7 بجے کے بعد انہیں کچھ بھی کھانے کی اجازت نہیں ہے۔
اس موقع پر دیپیکا نے کہا کہ وہ واقعی اپنے چینل کے لیے کچھ ریسپی ولاگز بنانا چاہتی ہیں، جو وہ اس بار نہیں بنا سکیں۔ جس پر شعیب نے حیران ہوتے ہوئے کہا کہ انکے لیے کافی دیر کھڑے رہنا ممکن نہیں ہے۔
شعیب نے پھر دپیکا کو یاد دلایا کہ عید کے بعد اُن کے خون کے ٹیسٹ ہونے والے ہیں۔ اس لمحے دپیکا جذباتی ہو گئیں اور انکے آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔
یہ دیکھ کر شعیب نے کہا یہ بہت باہمت ہیں، لیکن کبھی کبھی دل بھر آتا ہے، اب جب میں نے کہا کہ 4 ہفتوں بعد ٹیسٹ تو یہ جذباتی ہوگئیں۔ اس دوران دیپیکا نے کہا سرجری کے بعد ایک ڈر سا بیٹھ گیا ہے۔ ہر وقت دل سے دعا نکلتی ہے کہ آگے سب ٹھیک ہو، لیکن یہ ہم سب کو پتہ ہے کہ جو ہونا ہوگا وہ ہوگا کوئی بات نہیں۔
یاد رہے کہ چند ہفتے قبل دیپیکا اور شعیب نے اپنی شادی کی آٹھویں سالگرہ منائی تھی۔ دیپیکا گزشتہ برس مئی سے اسٹیج ٹو کے جگر کے کینسر سے نبرد آزما ہیں اور انکا گزشتہ برس جون میں پہلی سرجری ہوئی تھی۔