فوزیہ ناہید سیال، لاہور
کریلے، دیگر سبزیوں کے مقابلے میں طبّی طور پر زیادہ مفید ہونے کے باوجود عموماً لوگ ان کے کڑوے پَن کی وجہ سےانہیں کھانا پسند نہیں کرتے، لیکن اگر انہی کریلوں کو قیمہ یا مختلف سبزیاں بَھر کر پکایا جائے، تو بڑے ذوق و شوق سے کھایا جاسکتا ہے۔
سو، آج ہم کریلوں کی اِن ہی منفرد و ذائقے دار تراکیب کے ساتھ حاضرِ خدمت ہیں۔ ذرا آزما دیکھیں۔ پھر خود بھی کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں۔ اُمید ہے دوبارہ فرمائش کرکے بنوائے جائیں گے۔
قیمہ بَھرے کریلے
اجزا: کریلے آدھا کلو (درمیانے سائز کے 4سے 6عدد)، مُرغی کا قیمہ آدھا کلو، پیاز ایک عدد (بڑے سائز کا)، ٹماٹر دو عدد، سبز مرچ دو سے تین عدد، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک ایک کھانے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ہلدی ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ضرورت، آئل (قیمے کے لیے) تین کھانے کے چمچ، آئل (کریلے فرائی کرنے کے لیے) حسبِ ضرورت۔
ترکیب: دیگچی میں پیاز براؤن کر لیں۔ پھر اس میں ٹماٹر، قیمہ، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور تمام مسالے باری باری ڈال کر بُھون لیں اور پھر آدھا کپ پانی شامل کریں۔ جب پانی خشک ہو جائے، تو تھوڑی دیر مزید بُھونیں۔ گھی الگ ہو جائے، تو اتار لیں۔ کریلے دھو کر چھیل کے خشک کر یں اور ان کو درمیان سے کاٹ کر بیج الگ کر لیں۔ تیار شُدہ قیمہ کریلوں میں بَھر کر اوپر سے دھاگا لپیٹ دیں اور احتیاط سے تیل میں تل لیں۔ لیجیے، مزے دار قیمہ بھرے کریلے تیار ہیں۔
سبزی بَھرے کریلے
اجزا: کریلے 4 سے 6عدد (درمیانے سائز کے) بند گوبھی (باریک کٹی ہوئی) ایک کپ، پیاز دو عدد، ٹماٹر دو عدد، سبز مرچ دو سے تین عدد، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ضرورت، آئل (سبزی کے لیے) دو کھانے کے چمچ، (کریلے فرائی کرنے کے لیے حسبِ ضرورت)
ترکیب: رائنگ پین میں دو چمچ آئل ڈال کر پیاز براؤن کر لیں۔ پھر اس میں کٹے ہوئے ٹماٹر، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور تمام مسالے بشمول بندگوبھی باری باری ڈال کر بُھون لیں۔
تھوڑی دیر بعد ڈھکن بند کر کے پکالیں۔ دوسری طرف کریلے دھو کر، چھیل کے خُشک کر لیں اور درمیان سے کاٹ کر بیج الگ کر دیں۔ پھر تیار شُدہ سبزی، کریلوں میں بھر کر اوپر سے دھاگا لپیٹ دیں اور آئل میں احتیاط سے فرائی کریں۔ لیجیے، مزے دار سبزی بَھرے کریلے تیار ہیں۔
(نوٹ: اگر پکانے سے پہلے کریلوں کو نمک لگا کر دھوئیں گے تو یہ کڑوے نہیں ہوں گے)