کراچی (اسٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں مون سون کے حالیہ اسپیل کے دوران مسلسل تیسرے روز بھی شہر میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، آج اور گزشتہ روز ہونے والی بارشوں کے بعد سڑکوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہونے اور گڑھا پڑنے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ، مارکٹیں اور بازار کیچڑ اور کچرے سے بھر گئیں، بارش کے بعد قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) کے مرکزی دروازے اور ایمرجنسی کے سامنے برساتی پانی تاحال جمع ہے جس کی وجہ سے مریضوں اور انکے تیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بارش کے پانی جمع ہونے کے باعث مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی،قیدیوں کو عدالتوں میں پیش نہیں کیا جاسکا، شہر میں بجلی بریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، بجلی کی طویل بندش پر جمعرات کو تنگ شہری بالآخر مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں شام ہوتے ہی مسلسل تیسرے روز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، شہر میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوا، وہیں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونا بھی شروع ہوگیا ہے۔ کراچی کے علاقوں نارتھ کراچی، احسن آباد، سرجانی ٹاؤن، نیوکراچی ،گلشن معمار اور اسکیم 33 میں بارش ہورہی ہے۔ منگل کی موسلادھار بارش کے بعد زیرآب آنے والی سڑکوں سے پانی کی نکاسی مکمل طور پر نہ ہونے کے باعث مزید بارش سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ طارق روڈ پر انڈر پاس میں پانی بھرنے کی وجہ سے دونوں ٹریک مکمل بند ہیں جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں سے بھیجا جارہا ہے، قیوم آباد سے کراسنگ جانے والے راستہ ندی نالے کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ڈرگ روڈ انڈر پاس پانی بھرجانے کے بعد ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جبکہ انڈر پاس کی بندش سے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔