اسلام آ باد( نمائندہ جنگ / صباح نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کو کشمیر کی تحریک آزادی کے معتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، انہوں نے اپنی پوری زندگی اس مقصد کیلئے وقف کر دی ، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ۔ سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر جاری پیغام میں وزیر اعظم نے کہاکہ وہ کشمیری تحریک کے عظیم رہنما تھے جن کا جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت پر پختہ یقین تھا ، کشمیر کے عوام کی آزادی اور ان کی خودارادیت کی جدوجہد کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ، قید و بند کی تکالیف اور صعوبتیں ان کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں ،ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا ۔ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سید علی گیلانی مرحوم بھارتی مظالم کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑے رہے۔ آزادی جیسے بنیادی انسانی حقوق کیلئے سید علی گیلانی کی جدوجہد اور غیرمتزلزل عزم مشعل راہ ہے، تصفیہ طلب تنازع کشمیر کی وجہ سے پورے خطے کا امن و استحکام اور ترقی خطرے میں ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل صرف سلامتی کونسل کی قرارداد اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نکالنے میں پنہاں ہے۔