اوپن اے آئی کے تیار کردہ مصنوعی ذہانت سے لیس چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کے صارفین کی تعداد میں حیران کن اضافہ ہوا ہے۔
اوپن اے آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کا اجراء 2022ء میں کیا گیا، یہ چیٹ بوٹ صارف کے پوچھنے پر انسانی طرز کے جوابات تیار کر سکتا ہے۔
ابتداً اسے بہت کم لوگوں نے استعمال کیا لیکن جوں جوں لوگوں کو اس کی اہمیت اور افادیت کا اندازہ ہو رہا ہے اس کے صارفین کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کے لیے اکاؤنٹ کی شرط ختم کرنے کے بعد صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کے ہفتہ وار صارفین کی تعداد 200 ملین تک پہنچ گئی ہے۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) اسٹارٹ اپ اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ اس کے چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کے اب 200 ملین سے زائد ہفتہ وار فعال صارفین ہیں، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں دگنے ہیں۔
یاد رہے کہ اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے گزشتہ برس نومبر میں بتایا تھا کہ اس کے 100 ملین ہفتہ وار فعال صارفین ہیں۔