• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

124 سالہ مگرمچھ سے سامنا، ویڈیو نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی


معروف ٹی وی شخصیت رابرٹ الیوا کا دریائے نیل میں پائے جانے والے مگرمچھ کے ساتھ خطرناک سامنا ہوا، جس نے انٹرنیٹ صارفین کو حیران کر دیا ہے۔

شو کنگز آف پین کے شریک میزبان الیوا نے انسٹاگرام پر اس خونخوار مگرمچھ سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی ویڈیو بھی شیئر کردی۔ 

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے کروک ورلڈ کنزرویشن سینٹر میں 124 سالہ مگرمچھ، جسے ہنری کا نام دیا گیا ہے، کے ساتھ کھیل رہے  ہیں۔ 

ویڈیو میں الیوا کو ہنری کے پاؤں پر پاؤں رکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس پر مگرمچھ نے کچھ آواز نکالی لیکن پھر الیوا کے ہاتھ پھیرتے ہی دوبارہ مگرمچھ پرسکون ہوگیا۔ 

الیوا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ "جب سے میں نے اسٹیو بیکشال کو ہنری کے ساتھ دیکھا ہے، میں اس دریائے نیل کے مگرمچھ سے ملنا چاہتا تھا اور۔۔۔ احتیاط ضروری ہے! 1900 میں پیدا ہونے والا ہنری دنیا کا سب سے قدیم جانا پہچانا مگرمچھ ہے۔"

اس پوسٹ پر کچھ لوگوں نے الیوا کی بہادری کی تعریف کی جبکہ دیگر نے اتنے خطرناک جانور کے ساتھ تعامل پر تشویش کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ "یہ ایک زندہ ڈائنوسار ہے اور بہت بڑا ہے" جبکہ ایک نے لکھا کہ "تب کیا ہوتا اگر دوسرے مگرمچھ تمہاری طرف آنے لگیں؟ بھائی، تم تو مگرمچھ کا کھانا بن جاتے!"

ایک صارف نے لکھا کہ "یہ ایک حیرت انگیز تجربہ تھا، یقین نہیں آتا کہ وہ اس خوفناک جانور کے اتنے قریب چلا گیا!"