بھارتی مینز کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان بھارت کے میچ کے بعد کھلاڑیوں کے ہاتھ ملانے کے معاملے میں کہا ہے کہ ہینڈ شیک کے لیے 24 گھنٹے انتظار کرلیں۔
کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ کی تیاری شیڈول کے مطابق کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ صرف گیم ہے، ایسا نہیں کہ ہم کم کھیلتے ہیں۔ میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کوشش کریں گے۔
انہوں نے پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عثمان طارق مختلف کرکٹر ہیں لیکن ہتھیار نہیں ڈال سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اسپنرز اچھا کھیل رہے ہیں، ہم نے پلان کیا ہوا ہے۔
جب پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان سے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہاتھ ملانے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ہینڈ شیک کے لیے 24 گھنٹے انتظارکرلیں، کل دیکھیں کیا ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
پاکستان ٹیم کی پرفارمنس پر بھارتی کپتان بولے کہ پاکستان نے ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلی اور یہاں بھی اچھی کھیل رہے ہیں۔
پاکستان بھارت میچ کے دباؤ پر سوریا کمار کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ کا پریشر ہوتا ہے، اعصاب پر قابو پا کر اچھی کرکٹ کھیلنا ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کل کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی۔
گروپ اے میں موجود دونوں ٹیمیں اب تک اپنے دو دو میچز کھیل چکی ہیں اور دونوں میں ہی فتحیاب رہیں۔