• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: جماعت اسلامی کا دھرنا، پولیس کی آنسو گیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج، ایک کارکن زخمی

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

کراچی میں جماعت اسلامی کے کارکن اور پولیس آمنے سامنے آگئے، جماعت اسلامی کے کارکنوں نے سندھ اسمبلی جانے کی کوشش کی، رینجرز اہلکاروں کو طلب کرلیا گیا۔

 پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی، ایک کارکن زخمی ہوگیا۔

 ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے سندھ اسمبلی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔

جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ مارچ کے شرکاء کو سندھ اسمبلی سے پہلے روک دیا گیا ہے، جب تک راستہ نہیں دیا جائے گا ہم سڑک پر بیٹھے رہیں گے۔

 آنسو گیس کی شیلنگ اور  لاٹھی چارج سے جماعت اسلامی کا ایک کارکن زخمی ہوگیا، جماعت اسلامی کے کارکنوں کے پتھراؤ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس نے جماعت اسلامی کا ساؤنڈ سسٹم لگا ٹرک قبضے میں لے لیا، جبکہ جماعت اسلامی کے 10 کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

جماعت اسلامی نے کراچی کے مسائل کے حل اور با اختیار شہری حکومت کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دیا ہوا تھا۔

پیپلز پارٹی کی فسطائیت پورا ملک دیکھ رہا ہے، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی فسطائیت پورا ملک دیکھ رہا ہے، پرامن شہریوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور دھرنے سے روکنا بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، بااختیار شہری حکومت کراچی کا حق ہے۔

جماعت اسلامی کے کارکن ریڈ زون میں داخل ہوئے، شرجیل میمن

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ پولیس اور مقامی انتظامیہ جماعت اسلامی کے ساتھ رابطے میں تھی، جماعت اسلامی کو کہا گیا تھا کہ پرامن مظاہرہ کریں مگر ریڈزون میں داخل نہ ہوں۔

ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو بتایا تھا کہ ریڈزون میں داخلے پر پابندی ہے، جماعت اسلامی کے مشتعل کارکن ریڈزون میں داخل ہوئے اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے سندھ اسمبلی میں گھسنے کی کوشش کی، پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جس پر پولیس کو آنسو گیس کی شیلنگ اور کارکنوں کو گرفتار کرنا پڑا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید