اقوام متحدہ ( تجزیہ، عظیم ایم میاں)شہباز شریف کا دورہ اقوام متحدہ، IMF اور دیگر حوالوں سے اچھی خبر، بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر یونس سے شہباز شریف کی دو طرفہ ملاقات کو بھی اہمیت دی جارہی ہے۔ بھارت کی نظریں بھی اس ملاقات پر ہوگی ۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ اقوام متحدہ کو عوامی اور سیاسی محاذ پر مثبت رنگ دینے کے لئے وزیر اعظم کی مصروفیات اور ملاقاتوں کے ایجنڈا میں خوشگوار رنگ بھرنے اور ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ جن میں اقوام متحدہ کی سائیڈ لائنز پر دو طرفہ ملاقاتوں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو بھی موثر اور مثبت بنا نے پر سوچ بیچار کیا جا رہا ہے۔
اس تناظر میں آئی ایم ایف کے محاذ پر پاکستان کیلئے معاشی پیکیج کی منظوری کا معاملہ نہ صرف انتہائی اہم ہے بلکہ شہباز شریف کی مخلوط حکومت کے لئے مفید اثرات کا حامل بھی ہوسکتا ہے۔ جبکہ اس کی منظوری کیلئے کسی نئی شرط یا مزید تفصیل کا مطالبہ منفی تاثر اور تنقید کا باعث بن سکتا ہے۔
پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے معاشی پیکیج بارے مذاکرات ، تفصیلات اور اسٹاف لیول کے تمام مراحل کی تکمیل کے بعد اب آئی ایم ایف کے بورڈ کی منظوری کیلئے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے۔