کراچی میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کا ٹیسٹ امیدواروں کے لیے وبال جان بن گیا، کئی سو میٹر لمبی قطاریں بن گئیں۔
ٹیسٹ صبح 10 بجے ہو گا مگر صبح 7 بجے سے مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث جامعہ این ای ڈی اور اوجھا کیمپس میں لائنیں لگ گئیں۔
لوگوں نے گاڑیاں سڑکوں پر پارک کر دیں، جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا،
ڈاؤ یونیورسٹی کی جانب سے گیٹ پر ایک ایک امیدواروں کو داخلے کی اجازت دینے کے باعث صورتِ حال اور خراب ہو گئی ہے۔
قطاروں میں گھسنے کے چکر میں طلبہ اور والدین کے درمیان تلخ کلامی اور تکرار کا سلسلہ جاری ہے۔
طالبات کے مطابق وہ ڈیڑھ گھنٹے سے لائن میں لگی ہیں، سخت گرمی سے ان کا برا حال ہوگیا ہے۔
دوسری جانب پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر تاج نے بھی صورتِ حال کا نوٹس لیتے ہوئے وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی سے فون پر گفتگو کی اور امیدواروں کی جلد اور بروقت ٹیسٹ مراکز داخلے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔