• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشرے میں مایوسی پھیلانے والے عناصر شکست کھاچکے، آرمی چیف

کراچی ( رپورٹ: محمد منصف )چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے میں مایوسی پھیلانے کی ناکام کوششیں کرنے والوں کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں سے بدترین شکست ہوئی ہے، قوم کو پاکستان کے روشن مستقبل پر مکمل یقین اور اعتماد ہونا چاہیے کہ پاکستان اللہ کے حکم سے اپنے حقیقی مقام تک پہنچے گا، ہم تیز رفتار ترقی کی جانب گامزن ہو چکے ہیں۔ 

جمعہ کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے انوویسٹا انڈس آئی ٹی پارک کا افتتاح کیا۔ 

افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت کراچی کی تاجر برادری کے رہنماؤں و دیگر سول سوسائٹی کی اہم شخصیات بھی نے شرکت کی۔

 آرمی چیف نے برادر اور دوست ممالک، خاص طور پر چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی پاکستان کی معاشی بحالی میں کئی شعبوں میں مدد پر تعریف بھی کی اور کہا کہ پاکستان کے پاس مختلف شعبوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ قوم کو پاکستان کے روشن مستقبل پر مکمل یقین اور اعتماد ہونا چاہیے کہ پاکستان اللہ کے حکم سے اپنے حقیقی مقام تک پہنچے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی پارک پاکستان کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعلیم اور صنعت کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ 

آرمی چیف نے ملک کی اقتصادی ترقی میں تاجر برادری کے کردار کو سراہا۔آرمی چیف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے تمام اقدامات کی حمایت کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔

 تقریب سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں آئی ٹی کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا انوویسٹا ٹیکنالوجی پارک کی بدولت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے بروئے کار لایا جا سکے گا اور اقتصادی ترقی کو فروغ بھی ملے گا۔ 

دریں اثناء اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کور کے علاقے کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں اور فوج کے زیر اہتمام اہم تربیتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ قبل ازیں کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

اہم خبریں سے مزید