کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ آئینی عدالت پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور میں شامل ہے اور جو میثاق جمہوریت 2006میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے درمیان دستخط ہوئے تھےاس کا وہ حصہ ہے، آج اگر اتنے سال کے بعد تمام جماعتیں اتفاق کررہی ہیں تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کامیابی ہے، جب سے تحریک انصاف بنی یا یہ کہیں کہ وہ مشہور ہوئی، ان کا طرز عمل اس ملک میں کشیدگی پیدا کرنا اور اس ملک کو سول وار کی طرف دھکیلنا رہا ہے، وہ سول نافرمانی کی بات کرتے ہیں، وزیر اعلٰی خیبر پختون خوا کے حالیہ بیانات اس کی عکاسی کرتے ہیں،بلاول بھٹو زرداری کے مقابلے کا لیڈر کسی جماعت میں نہیں ہے، قومی اسمبلی ، سینیٹ ، صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر آپ کو ہر قومیت کا آدمی ملے گا، کسی اور سیاسی جماعت میں اتنی طاقت اور وسعت نہیں کہ وہ لوگوں کو جگہ دے سکے ، پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ متنازع ہے ، پارلیمنٹ کے اختیار کو چھینا نہیں جاسکتا،قانون سازی بالاتر ہوتی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں پشتون قومی موومنٹ کے چیئرمین دائود جان کی اپنی پوری کابینہ ان کے عہدیداران و کارکنان کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب اور میڈیا کے سوالات کے جواب میں کیا، اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی علی احمد جان، صدر پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل سردار خان، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد ستی، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ، ٹائون چیئرمین علی اکبر جان، شہزاد میمن، اسد حنیف، منیر خٹک، شاہ فیصل، پشتون قومی موومنٹ کے چیئرمین دائود جان، پشتون قومی موومنٹ کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ کے صدور و عہدیداران ، پختون برادری سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود تھی ، سعید غنی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پشتون قومی موومنٹ کے چیئرمین دائود جان کا تمام عہدیداروں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کے اعلان پر خوش آمدید کہتا ہوں، پشتون قومی موومنٹ نے خاص طور پر کراچی اور سندھ کے دیگر صوبوں میں اپنی موومنٹ کو مضبوط اور مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کیئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ہر زبان بولنے والا، ہر مذہب اور مسلک کا شخص ملے گا، لیکن بدقسمتی سے اس شہر میں گذشتہ 30سے 40برسوں میں زہر آلود سیاست ہوتی رہی ہے، سعید غنی نے کہا کہ ہمیں اس شہر کی ترقی کے لئے مل کر کام۔کرنا ہوگا،سعید غنی نے کہا کہ ہمارے مخالفین جماعت اسلامی ہو یا اور کوئی ہو ہمیں انہیں نہیں بلکہ اپنے ووٹرز اور عوام کو مطمئین کرنا ہے۔