• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسن نصراللّٰہ کی شہادت سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھے گا، پاکستان

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان نے کہا ہے کہ حسن نصراللہ کی شہادت سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھے گا، شہری آبادیوں پر اسرائیل کے بے لگام حملے اور بین الاقوامی قوانین کی پامالی تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی مہم جوئی کی شدید مذمت کرتا ہے،شہری آبادیوں پر اسرائیل کے بے لگام حملے اور بین الاقوامی قوانین کی پامالی تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے اسرائیلی افواج لبنان کی خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی، شہری آبادی کے مراکز کو مسلسل نشانہ بنانے ، اس کے استحکام اور سلامتی کو نقصان پہنچانے میں مصروف ہیں۔ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے متاثرین کے اہل خانہ اور لبنان کے عوام کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کو قتل کرنے کا گزشتہ روز کا اسرائیل کا غیر محتاط عمل پہلے سے ہی عدم استحکام سے دوچار خطے میں ایک بڑا اضافہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان لبنان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کرتا ہے ۔پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ اسرائیل کو خطے میں اس کی مہم جوئی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے روکا جائے اور مشرق وسطیٰ میں امن بحال کیا جائے۔

ملک بھر سے سے مزید