• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری—فائل فوٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری—فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔

کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ورلڈ بینک اور دیگر اداروں سے فنڈنگ اس وقت بحیثیت وزیرِ خارجہ اکٹھا کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ورلڈ بینک سے مکانات کی ازسرنو تعمیر کے منصوبے کے لیے فنڈنگ کا بندوبست کیا، بلوچستان کے عوام کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں حکومت سازی کا معاہدہ ہوا تھا، معاہدے کی شرط تھی کہ سیلاب متاثرین کی بحالی پہلی ترجیح ہو گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے ساتھ دنیا کے سامنے کھڑے ہو کر بطور وزیرِ خارجہ وعدے کیے تھے، وزیرِ اعظم نے اس کانفرنس میں مجھ سے وعدہ کیا تھا، سیلاب متاثرین کو ضرور پیسہ پہنچائیں، لیکن اپنے صوبے کے پلاننگ کے وزیر کے ساتھ وفاق سے جا کر ملیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ورلڈ بینک سے پہلے وفاقی اور صوبائی حکومت کو اس میں مدد کرنا چاہیے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنی کمٹمنٹ ظاہر کرنی ہے، سیلاب متاثرین کے ایشو کو سنجیدہ لے، ملک کے وسائل کم ہیں، بلوچستان کے اس سےبھی کم ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ جیسے بلوچستان چل رہا ہے یہ ان کے ساتھ ناانصافی ہے، ایسے گھر بنائیں کہ اگلے سیلاب میں یہ خاندان پھر ایسے متاثر نہ ہوں، ہمارے وسائل بہت کم ہیں، ہم نے اپنے وسائل کو صحیح طریقے سے استعمال کرنا ہے۔

قومی خبریں سے مزید