پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ میڈیا کے مختلف حلقوں میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ بلوچستان میں کی گئی تقریر کے حوالے سے کچھ دعوؤں کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے اور ان کا غلط مفہوم لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان کی حیثیت سے میں واضح طور پر ان تمام باتوں کو مسترد کرتا ہوں جن میں یہ کہا گیا ہے کہ انہوں نے کسی فرد یا ادارے پر بدعنوانی کا الزام لگایا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ، بلوچستان میں سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دوبارہ اس بات پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کو بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے لیے ورلڈ بینک کے قرضے کے برابر حصہ دینے کے اپنے وعدے کو پورا کرنا چاہیے۔