اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس میں تصحیح شدہ تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا جوکہ پاکستان کے مسلمانوں کی امنگوں کی حقیقی تصویر ہے۔ عدالت نے اپنے گزشتہ 6؍ فروری اور 24؍ جولائی کے فیصلوں کو نہ صرف واپس لیا بلکہ رسول محتشم ختمی المرتبت حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی ختم نبوت بارے آیات قرآنیہ اور احادیث سے دلائل بھی پیش کیے۔ ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے بجا کہا کہ کسی کو یہ حق نہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو کسی ایسے مذہب کا پیروکار ظاہر کرے جس کے بنیادی عقیدے سے ہی وہ انکاری ہو، لہٰذا قادیانیوں کا اپنے آپ کو مسلمان یا احمدی مسلمان کہلانا درست نہ ہے، بحیثیت پاکستانی شہری قادیانیوں کیلئے لازم ہے کہ وہ آئین میں طے شدہ اپنی آئینی حیثیت کو تسلیم کریں۔