پیرس ادبی فورم کا انالکو یونیورسٹی پیرس میں پہلے عالمی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، یہ مشاعرہ پیرس کی معروف تنظیم پیرس ادبی فورم کے زیر اہتمام اور تعاون سے منقد ہوا۔
عالمی مشاعرے میں یورپ کے معروف شعراء کرام اشتیاق میر (انگلینڈ)، نعیم حیدر (انگلینڈ)، غزل انصاری (انگلینڈ)، تسنیم حسن (انگلینڈ)، سمیہ ناز (انگلینڈ)، راحت زاہد (اسکاٹ لینڈ) شریک ہوئے۔
مشاعرے کی صدارت انگلینڈ کے معروف شاعر اشتیاق میر نے کی جبکہ نظامت کے فرائض پیرس ادبی فورم کی صدر اور شاعرہ محترمہ سمن شاہ نے ادا کیے۔
فرانس کی کسی یونیورسٹی میں یہ پہلا عالمی مشاعرہ منعقد ہوا، اس لحاظ سے یہ ایک تاریخی تقریب تھی۔ مشاعرے میں فرانس میں سفارت خانہ پاکستان سے سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے خصوصی شرکت کی اور مشاعرے کے شرکاء کو مبارکباد دی۔
شعراء نے اپنے دلکش کلام سے حاضرین محفل کو خوب محظوظ کیا اور ڈھیروں داد وصول کی۔ مشاعرے کے اختتام پر پیرس ادبی فورم کی جنرل سیکریٹری محترمہ ناصرہ خان نے سفیر پاکستان اور مہمان شعراء کو پھول پیش کیے اور انالکو کے اردو ڈپارٹمنٹ میں اردو کے پروفیسر شاہ زمان حق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشاعرہ انکی انتھک محنت اور کوشش سے ممکن ہوا۔
ناصرہ خان نے انکے بھرپور تعاون کو بھی سراہا اور تقریب میں شریک تمام مہمان شعراء حاضرین محفل جن میں پیرس کی معروف شخصیات فیشن ڈیزائنر نیناں خان، مشہور سیاسی و سماجی شخصیت روحی بانو سمیت میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر پیرس ادبی فورم فرانس کی کامیابی کے دس سال مکمل ہونے پر پیرس ادبی فورم کے سفر پر مبنی رپورٹ کے مطابق متعدد عالمی مشاعرے، سمینار، ادبی نشستیں، کتابوں کی رونمائی، محفل۔سنگیت کی تقاریب، ثقافتی پروگرام، اور فلاحی خدمات کے اداروں کےلیے فنڈ ریزنگ کے کامیاب پروگرام شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ادبی فورم کی تقاریب میں یورپ کینیڈا اور پاکستان کی نامور شخصیات نے شرکت کی اور تنظیم کے وقار میں اضافہ کیا۔
اس میں یہ بھی کہا گیا کہ ادبی فورم جہاں دیار غیر میں اردو ادب کے فروغ و ترویج میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے وہیں فلاحی خدمات بھی انجام دے رہا ہے۔ کامیابی کے ان لمحات کو یادگار بنانے کےلیے ہم نے پیرس ادبی فورم کے 10 سالہ سفر پر یورپ سے آئے مہمان شعراء اور ادب سے لگاؤ رکھنے والی شخصیات کے ساتھ ایک شام منائی اور کیک کاٹا۔ اسی سال پیرس ادبی فورم نے پیرس میں انالکو یونیورسٹی میں پہلا عالمی مشاعرہ منعقد کر کے ایک تاریخ رقم کی جو کہ اس تنظیم کے لیے ایک اعزاز ہے۔