بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان بھارتی سیاست دان بابا صدیق کی موت کی خبر سن کر اپنی شوٹنگ چھوڑ کر فوراً ان کے اہلخانہ سے ملنے کےلیے پہنچے۔
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیر اور نیشنل کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما بابا صدیق کو گزشتہ رات ممبئی میں گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بابا صدیق کو باندرہ میں ان کے بیٹے کے دفتر کے قریب گولیاں ماری گئیں، انہیں تشویشناک حالت میں لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔
بابا صدیق بالی ووڈ اسٹارز سمیت اہم شخصیات کیلئے افطار پارٹیز کے حوالے سے بھی مقبول تھے۔ افطار پارٹی میں کنگ شاہ رُخ خان، سلمان خان اور دیگر فنکار باقاعدگی سے شرکت کرتے تھے۔
ان کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد کئی اہم شخصیات جس میں سلمان خان، سنجے دت، اور شلپا شیٹی اسپتال پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت کرنے والوں میں شامل تھے۔
بالی ووڈ اداکار سلمان خان واقعے کے وقت بگ باس ویک اینڈ کا وار کی شوٹنگ میں مصروف تھے، انہوں نے اپنی شوٹنگ کو فوری طور پر منسوخ کرتے ہوئے اسپتال کا رخ کیا۔
ممبئی پولیس نے بابا صدیق کے قتل میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ایڈیشنل سی پی پرمجیت سنگھ دہیا نے تصدیق کی ہے کہ جرم میں استعمال ہونے والا نائن ایم ایم پستول برآمد کر لیا گیا ہے، واقعے سے متعلق کرائم برانچ تفتیش کر رہی ہے۔