پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیے کم وقت میں احتجاج کےلیے پارٹی ورکرز کو اکٹھا کرنا مشکل ترین کام بن گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کےلیے تاحال ہدایات نہیں ملیں۔
ذرائع کے مطابق اس بارے میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت ملنے کا انتظار کیا جارہا ہے، جس کے بعد کارکنوں کو ہدایات دی جاسکتی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی کے درجنوں ورکرز کو گرفتار کیا گیا ہے جن کی ضمانتیں نہیں ہوئیں، گزشتہ احتجاج کے دوران شیلنگ کے باعث متعدد پارٹی ورکرز بیمار بھی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پارٹی ورکرز مسلسل احتجاج کرنے کے باعث تھکاوٹ کا بھی شکار ہیں، کم وقت میں احتجاج کے لیے پارٹی ورکرز کو اکٹھاکرنا مشکل کام ہے۔
اس بارے میں ریجنل صدر پی ٹی آئی ارباب عاصم نے جیو نیوز سے گفتگو کی اور کہا کہ پارٹی ورکر تیار ہیں، جیسے ہی حکم ملا احتجاج کی تیاری مکمل کر لی جائے گی۔