میرپورخاص(نامہ نگار/سلیم آزاد) میرپور خاص میں پیر 14اکتوبرکومفکر اسلام مفتی محمود کانفرنس منعقد ہورہی ہے،کانفرنس میں غیرملکی مہمانوں کی شرکت بھی متوقع ہے،اس سلسلہ میں جمعیت علماء اسلام کے تحت استحکام پاکستان امن کارواں مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں میرپورخاص پہنچ رہا ہے جہاں وہ اسی روزمفکر اسلام مفتی محمود کانفرنس میں شرکت کرے گاجلسہ گاہ میں ایک بڑا اسٹیج بنایا گیا ہے اور عوام کی سہولت کے لیے جلسہ گاہ اور اس کے باہر بڑی اسکرین لگائی گئی ہیں، میرپورخاص کے تاریخی گاما اسٹیڈیم میں منعقدہونے والی کانفرنس سے جمعیت علما اسلام کے مرکزی قائد مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر مرکزی ،صوبائی و مقامی قائدین مفتی محمود کی زندگی پر روشنی ڈالیں گے اور انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ جے یو آئی کے صوبائی سیکریٹری مولانا راشد محمود کے مطابق کانفرنس میں ملک کی سیاسی صورتحال، سندھ کے معاملات، اسرائیل کی جارحیت کی مذمت، غزہ کے مظلوم عوام اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا جائے گا۔ جے یوآئی کے ذرائع نے جنگ کوبتایا کہ کانفرنس میں غیرملکی مہمانوں کے علاوہ جمعیت کے منتخب نمائیندے،چاروں صوبوں کے اہم عہدیداران اور کارکنان سمیت سندھ بھر سے بڑی تعداد میں لوگ قافلوں کی شکل میں شرکت کریں گے جلسہ گاہ میں بیٹھنے کے لیے فرشی نشست ہوگی،جلسہ گاہ اور اس کے اطراف کے علاقوں اور مرکزی راستوں پر جے یو آئی کے پرچموں کی بہار آئی ہوئی ہے۔ ٹنڈوجام سے نامہ نگار کے مطابق جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ٹنڈوجام آمد پر جمیعت علماء اسلام کے کارکنان کا مولانا فصل الرحمان کا پھولوں کی پتیوں سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے تالپور ہائوس ٹنڈوجام میں جے یو آئی کے صوبائی رہنما عبد المالک تالپور کے بھتیجے کا نکاح پڑھایا اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی رہنما راشد محمود سومرو مولانا تاج محمد ناہیوں، حافظ سعید احمد تالپور، میر بابو تالپور اور دیگر موجود تھے، مولانا فضل الرحمان کی ٹنڈوجام میں آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان رات ٹنڈوالہیار میں پیپلز پارٹی رہنما علی نواز شاہ کے پاس قیام کرنے کے بعد صبح میرپورخاص میں مفتی محمود کانفرنس میں شرکت کے لیے ریلی کی صورت میں جائیں گے۔