ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں فضائی اور دفاعی کمپنی کے ہیڈ کوارٹر پر دہشت گرد حملے کی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ترکیہ کی ایرو اسپیس انڈسٹریز پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
اس حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں 2 حملہ آوروں مرد اور خاتون کو ایک بیگ اُٹھائے ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز (ٹی اے آئی) کی عمارت کے احاطے میں رائفلز سے فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں ترکیہ کی سرکاری دفاعی کمپنی کو دھماکے کے سبب لرزتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ادارے پر ہونے والے حملے میں ایک دہشت گرد گروہ ملوث ہے جو عمارت میں داخل ہوا اور اس گروہ میں سے ایک شخص نے خود کو دھماکا خیز مواد کے ساتھ اُڑا لیا۔
اس کے علاوہ میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 1 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے سرکاری دفاعی ادارے میں داخل ہونے کے لیے ٹیکسی استعمال کی۔
ترکیہ کے نائب صدر جاوید یلماس کے مطابق حملے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد میں سے 4 ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز (ٹی اے آئی) کے ملازمین تھے جبکہ ایک ٹیکس ڈرائیور تھا۔
واضح رہے کہ اس حملے سے متعلق تحقیقاتی کارروائی اور دہشت گردوں کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔