پنڈی ٹیسٹ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا، انگلینڈ کی ٹیم 267 رنز پر آؤٹ ہوگئی جبکہ پاکستان ٹیم نے 3 وکٹوں پر 73 رنز بنالیے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہے اس ٹیسٹ میچ میں بھی اسپنرز حاوی نظر آئے اور بیٹرز کے لیے پریشانی کا باعث بنے رہے۔
مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 267 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے تمام 10 وکٹیں اسپنرز نے لیں۔ جبکہ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیم میں شامل واحد تیز گیندباز عامر جمال نے ایک بھی گیند نہ پھینکی۔
ساجد خان نے انگلینڈ کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ لی۔
انگلش کی جانب سے جیمی اسمتھ نے 89، بین ڈکٹ نے 52 اور گس ایٹکنسن نے 39 رنز کے ساتھ پاکستانی اسپنرز کے سامنے مزاحمت کی۔
خیال رہے کہ سیریز کے آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹاس کبھی پلان کے مطابق ہو جاتا ہے، کبھی نہیں، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے.
پاکستان پلیئنگ الیون
تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، کپتان شان مسعود، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، زاہد محمود اور ساجد خان پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
انگلینڈ پلیئنگ الیون
انگلش ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ کےلیے 2 تبدیلیاں کی ہیں جس کے بعد پلیئنگ الیون میں زیک کراؤلی، بین ڈکٹ، اولی پاپ، جو روٹ، ہیری بروک، کپتان بین اسٹوکس، جمی اسمتھ، گس ایٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ اور شعیب بشیر ٹیم کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ ملتان میں سیریز کا کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ انگلینڈ کے نام رہا تھا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ پاکستان نے جیتا تھا۔