• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی ورکرز کا قاضی فائز عیسی کی گاڑی پر حملہ، ویڈیو وائرل


سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر منتخب کیا گیا ہے، ان کے اعزاز میں گزشتہ روز تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

سابق چیف جسٹس نے مذکورہ تقریب میں اہلیہ کے ہمراہ شرکت کی تاہم تقریب سے واپسی پر انہیں اور ان کی اہلیہ کو تحریکِ انصاف کے ورکرز کی جانب سے حملے اور بدمزگی کا سامنا کرنا پڑا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سابق چیف جسٹس اپنی اہلیہ کے ساتھ مڈل ٹیمپل سے سیاہ گاڑی میں روانہ ہو رہے تھے کہ درسگاہ کے دروازے پر موجود پی ٹی آئی ورکرز نے ہنگامہ شروع کر دیا۔

پی ٹی آئی ورکرز نے سابق چیف جسٹس کی گاڑی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں فائز عیسی اور ان کی اہلیہ کو اپنا بچاؤ کرنا پڑا۔

وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی ورکرز سابق چیف جسٹس کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر ساتھ چلتے ہوئے نعرے بازی و احتجاج کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ملیکہ بخاری، ذلفی بخاری، اظہر مشوانی اور دیگر نے مظاہرین سے خطاب بھی کیا تھا۔

لندن میں مقیم جیو اور دی نیوز کے صحافی مرتضی علی شاہ نے بھی اپنےسوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس واقعے کی کئی ویڈیوز شیئر کی ہیں، جن میں سے ایک میں پی ٹی آئی لندن کے رہنما عامر خان کو مڈل ٹیمپل کے ایک پاکستانی بیرسٹر سے بحث کرتے ہوئے بھی دیکھ سکتے ہیں۔

اس ویڈیو میں مذکورہ بیرسٹر پی ٹی آئی ورکرز کو سمجھاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ وہ احتجاج ضرور کریں مگر گالم گلوچ مت کریں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر شامل کیا گیا، وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہیں مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر منتخب کیا گیا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ شب (29 اکتوبر کو) ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔