• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسافر بردار طیارے کی سڑک کے راستے کراچی سے حیدر آباد منتقلی کی ویڈیو وائرل


مسافر بردار طیارے کو سڑک کے راستے کراچی سے حیدرآباد پہنچایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق طیارے کو سڑک کے راستے ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرنے کا ملکی تاریخ کا پہلا آپریشن ہے۔

طیارے کی منتقلی کے لیے خصوصی ٹرک اور ٹرالی استعمال کی جا رہی ہے۔

طیارے کو حیدرآباد میں سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں رکھا جائے گا۔ 

ذرائع نے بتایا ہے کہ طیارہ تربیتی مقاصد کے لیے استعمال ہو گا۔

اس حوالے سے ٹرانسپورٹر ہمایوں خالد کا کہنا ہے کہ طیارے کی لمبائی 110 فٹ اور وزن 40 ٹن ہے، یہ ناکارہ جہاز بوئنگ 737 ہے، اس میں 240 لوگوں کے سفر کی گنجائش ہے۔

ہمایوں خالد نے کہا کہ طیارے کو رات گئے ایئرپورٹ سے سپرہائی وے منتقل کیا ہے، جہاز کو کراچی سے حیدرآباد منتقل کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ طیارے کی منتقلی کے دوران موٹروے کو بلاک نہیں کیا جائے گا، طیارے کو منتقل کرنے کے لہے گاڑی سڑک کے کنارے چلائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن اور نجی کمپنی سمیت ٹرنسپورٹر کا عملہ موجود رہے گا، جہاز کو پروٹوکول کے تحت منتقل کیا جا رہا ہے۔