پیرس (آئی این پی) چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس، ممبر مرکزی مجلس عاملہ مسلم لیگ ن و سابق کوآرڈینیٹر وزیراعظم آزادکشمیر برائے یورپ چوہدری نعیم اختر نے 6نومبر یوم ʼʼشہدائے جموں“ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم یوم شہدائے جموں کے موقع پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے عظیم شہداء کے مقدس لہو سے جلائی ہوئی شمع آزادی بجھنے نہیں دیں گے اور اپنے ناقابل تنسیخ، حق خودارادیت کے حصول تک شہداء کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نومبر 1947میں جموں کے مسلمانوں کی دل دہلا دینے والی نسل کشی دنیا کا سب سے بڑا ہولناک سانحہ ہے جب ڈوگرہ حکمرانوں، بھارتی و ڈوگرہ فوج، آر ایس ایس کے انتہا پسندوں اور بلوائیوں نے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے سفاکیت کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی طرف ہجرت کرنے کے جرم میں دو لاکھ سے زائد مسلمانوں کا منظم منصوبہ بندی کے تحت اجتماعی قتل عام کیا، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی کر کے جغرافیائی تبدیلی پر عالمی برادی کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ مسئلہ کشمیر سلگتی چنگاری ہے جو پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیریوں پر ہونے والے مظالم بند کروائے اور تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔