پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں کامیابی اور تاریخی واپسی پر مبارک باد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکی عوام نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم کو زبردست فتح دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ امن کو اولین ترجیح دے گی اور دنیا بھر میں جاری تنازعات کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ مینڈیٹ جنگ کی مخالفت کرنے کی وجہ سے ملا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہو گئے ہیں، وہ امریکا کے 47 ویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مرتبہ امریکا کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔
امریکی صدارتی انتخاب میں 538 میں سے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 277 اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔
کسی بھی امیدوار کو جیت کے لیے کل 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔