• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش حملہ، 26 شہید، دہشت گردوں کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی، وزیراعظم، مشن جاری رہے گا، آرمی چیف

کوئٹہ، خاران، نوشکی، اسلام آباد(نسیم حمید یوسفزئی، نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) کوئٹہ ایک بار پھر لہو لہو ہوگیا، ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر خود کش حملے میں خاتون سمیت 26مسافر شہید جبکہ 62زخمی ہو گئے، خودکش حملہ آور نے جعفر ایکسپریس کی روانگی سے قبل پلیٹ فارم کی رش والی جگہ پر خودکو اڑا لیا، دھماکے کے بعد پلیٹ فارم پر قیامت صغریٰ کے مناظر تھےہر طرف چیخ و پکار مچی ہوئی تھی لوگ اپنے پیاروں کو آوازیں دے رہے تھے، دھماکے انسانی اعضا بکھرے ہوئے تھے دھماکے سے پلیٹ فارم کا شیڈ مکمل طور پر تباہ ہو گیا دفاتر اور ٹکٹ گھر کے شیشے ٹوٹ گئے آٹھ سے دس کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور عملے کو طلب کر لیا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد خون کے عطیات دینے کیلئے اسپتال پہنچ گئی، دھماکے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کر لی، واقعے کے بعد شہر بھر کی مسافرکوچ اڈوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دھماکے کی شدید الفاظ میں اظہار مذمت کی ہے، وزیراعظم کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کوسخت قیمت ادا کرنا پڑیگی، دریں اثناءآرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کرکے زخمیوں سے ملاقات کی، دھماکے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف مشن کو قومی عزم کے ساتھ جاری رکھا جائیگا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے آخری حد تک جائینگے،یہ جنگی صورتحال ہے سب ملکر لڑ رہے ہیں، ادھر ہرنائی میں زیارت، ہرنائی مرکزی شاہراہ پر منگی کے علاقے میں ہفتہ کو نامعلوم شرپسندوں نے کوئلے لے جانے والے تین ٹرکوں کو آگ لگا دی، دوسری جانب ہرنائی کوئٹہ مین قومی شاہراہ ضلع زیارت کی انتظامی حدود مانگی کے مقام پر دہشت گردوں نے ہرنائی سے کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں پر فائرنگ کرکے چار ٹرکوں کو آگ لگا دی جبکہ ایس پی ہرنائی کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر خلیل ملازئی شہید اور گن مین زخمی ہوگیا،خاران اور نوشکی میں فورسز پر حملے کے نتیجے میں 4اہلکار زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس کے ذریعے پشاور جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد ہفتہ کی صبح کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم ون پر موجود تھی اور ٹرین کا پلیٹ فارم پر آنے کا انتظار کر رہے تھے تقریباً آٹھ بجکر 20منٹ پر ایک خود کش حملہ آور مسافر کےروپ میں پلیٹ فارم پر اس جگہ پر آکر کھڑ ا ہوا جہاں مسافروں کا بے تحاشا رش تھا اور اسی دوران اس نے خود کو زور دار ذھماکے سے اڑالیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا جسکی آواز شہر بھر میں سنی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 26مسافر شہید ہوگئے۔واقعے کے بعد پلیٹ فارم پر قیامت صغریٰ کے مناظر تھے ہر طرف چیچ و پکار مچی ہوئی تھی لوگ اپنے پیاروں کو آوازیں دے رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس سیکورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر ریلوے اسٹیشن کو گھیرے میں لیکر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا دھماکے سے پلیٹ فارم کا شیڈ مکمل طور پر تباہ ہو گیا، دفاتر اور ٹکٹ گھر کے شیشے ٹوٹ گئےجبکہ مسافروں کا سامان بکھر گیا بم دسپوزل اسکواڈ کے مطابق آٹھ سے دس کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جس میں بال بیرنگ بھی شامل تھے۔ دھماکے کی اطلاع ملنے پر وزیر صحت بخت محمد کاکڑ سرکاری اسپتالوں میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اورر تمام پیرا میڈیکل اسٹاف نرسز اور دیگر عملے کو طلب کر لیا۔ کمشنرکوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات اور اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکا خودکش تھا خودکش بمبار سامان کیساتھ ریلوے اسٹیشن میں داخل ہوا ایسے کسی شخص کو روکنا مشکل ہوتا ہے جو خودکش حملے کیلئے آئے دھماکے کی دہشت گرد تنظیم نے ذمہ داری قبول کی ہے یہ حملہ سیکورٹی فورسز پر بھی تھا۔ اس موقع پر ایس ایس پی کوئٹہ محمد بلوچ نے کہا کہ ٹیمیں تحقیقات کر رہی ہے کہ خود کش حملہ آور کس راستے سے داخل ہوا اب تک 26مسافر جاں بحق جبکہ 62زخمی ہو ئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پولیس کا گشت بڑھا دیا ہے عوام مشکوک افراد پر نظر رکھتے ہوئے پولیس کو آگاہ کریں۔ ہرنائی سے نامہ نگار کے مطابق ہرنائی کوئٹہ مین قومی شاہراہ ضلع زیارت کی انتظامی حدود مانگی کے مقام پر دہشت گردوں نے ہرنائی سے کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں پر فائرنگ کرکے چار ٹرکوں کو آگ لگا دی جبکہ ایس پی ہرنائی کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر خلیل ملازئی شہید اور گن من زخمی ہوگیا، نامعلوم افراد کی مانگی کے مقام پر اندھا دھند فائرنگ سے کئی ڈرائیور بھی زخمی ہوئے۔

اہم خبریں سے مزید