پنجاب میں شدید دھند کی وجہ سے فیصل آباد اور ملتان کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔
دونوں ایئر پورٹس کی 3 پروازوں کو متبادل ایئر پورٹس پر لینڈ کرایا گیا جبکہ ملتان کی 2 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، مجموعی طور پر ملک بھر میں 36 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جدہ سے ملتان کی غیر ملکی ایئر لائن کی 2 پروازیں ایس وی 800 اور 801 کو منسوخ کر دیا گیا۔
دبئی سے ملتان کی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 811 کو کراچی اتارا گیا، جبکہ کراچی سے ملتان کی پرواز پی کے 330 کو لاہور لینڈ کرایا گیا۔
شارجہ سے فیصل آباد کی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز جی 9562 لاہور ایئر پورٹ پر اتاری گئی۔
ملتان سے دبئی کی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ایف زیڈ 326 پونے 3 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ فیصل آباد سے شارجہ کی پرواز ایف زیڈ 392 میں 3 گھنٹے تاخیر کر دی گئی۔
کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 300 میں آج بھی 3 گھنٹے سے زائد کی تاخیر کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے 301 3 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو گی۔
کراچی سے فیصل آباد کی پرواز پی کے 340 کی روانگی میں بھی تاخیر کر دی گئی اور جدہ، استنبول اور کولمبو کی کراچی کی 10 پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔
اسلام آباد سے کوئٹہ کی پروازیں پی کے 325 اور 326 چار گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوں گی۔
اسلام آباد سے نجف، جدہ، بحرین، شارجہ، کوالالمپور اور دبئی کی پروازوں میں بھی تاخیر کی گئی ہے۔