صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ وفاقی نظام، پارلیمانی جمہوریت اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کا عزم پیپلز پارٹی کی سیاسی شناخت کاحصہ ہیں، ان بنیادی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
پیپلز پارٹی کے59 ویں یومِ تاسیس پر پیغام میں کہا کہ ملک و قوم کو درپیش چیلنجز سیاسی محاذ آرائی کے بجائے وسیع تر قومی اتفاق رائے کے متقاضی ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی اہمیت کے تمام مسائل آئین کے دائرے میں رہ کر حل کرنے چاہئیں۔
صدرمملکت نے پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہو کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنی پوری تاریخ میں اس دور کے بنیادی چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کیا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ خلیج میں جنگ نے علاقائی استحکام اور عالمی امن کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی آزمودہ دوستی نئے سنگ میل عبور کر رہی ہے، اس پائیدار دٍوستی کی بنیادیں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں دہشت گردی کا مسلسل خطرہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین چیلنج ہے۔
صدر زرادری نے کہا کہ یہ چیلنجز سیاسی محاذ آرائی کے بجائے وسیع تر قومی اتفاق رائے کے متقاضی ہیں،ہمیں قومی اہمیت کے تمام مسائل آئین کے دائرےمیں رہ کر حل کرنےچاہئیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو فخر ہے اس نے پاکستان کو 1973ء کا متفقہ آئین دیا، پیپلز پارٹی نے18ویں ترمیم کے ذریعے وفاق کو مضبوط کیا۔
وفاقی نظام، پارلیمانی جمہوریت اور عام آدمی کی فلاح کا عزم پیپلز پارٹی کے سیاسی ڈی این اے کا حصہ ہیں، یہ اصول ہماری شناخت کےلیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔