وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے کیسز کا جلد سے جلد فیصلہ کیا جائے، تحریک انصاف نے منظم سازش کے تحت 9 مئی کے واقعات کیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف ملک دشمن ہے اور آج بھی اسی ذہنیت پر ہے، پی ٹی آئی والے بار بار کہہ رہے تھے سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے لائیں، ہم ویڈیوز سامنے لے آئے اب بانی پی ٹی آئی قوم سے معافی مانگیں اور کیسز کا سامنا کریں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کیا یاسمین راشد، شہریار آفریدی، عثمان ڈار تحریک انصاف کے رکن نہیں؟ کیا یہ لوگ 9 مئی کو سڑکوں پر نہیں تھے؟ کیا مراد سعید نے بیان جاری نہیں کیا کہ فلاں فلاں جگہ پر پہنچو۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے منظم سازش کے تحت 9 مئی کے واقعات کیے، 9 مئی واقعات کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، 9 مئی کو اتنے پولیس والے زخمی ہوئے وہ کیوں زخمی ہوئے؟ پی ٹی آئی نے جو قدم اٹھایا ہے ملک کے خلاف اور اپنی انا کیلئے اٹھایا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی کو انھوں نے وہ کام کیا جو دشمن ملک 77 سال میں نہ کر سکا، 9 مئی کو انھوں نے حملہ کیا، لوٹ مار کی یہ لوٹ مار کرنے ہی آئے تھے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 9 مئی کے کیسز کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو چکدرہ میں ایف سی قلعہ جلایا گیا، آرکائیو جلایا گیا جہاں قائد اعظم کی تقاریر تھیں، ساری سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی اب یہ چھپ نہیں سکتے۔